جئے پور،8/جولائی (ایس او نیوز/پریس ریلیز) سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) راجستھان شاخہ نے پہلو خان اور ان کے بیٹے کے خلاف غیر قانونی طریقے سے مویشی لے جانے کاملزم بنا کر جو چارج شیٹ داخل کیا ہے اس کو واپس لینے کے مطالبے کو لیکر کوٹہ، جئے پور اور بھلواڑہ اور باراں ضلع میں احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کیا۔جئے پور شہید سمارک پر کئے گئے احتجاجی مظاہرے میں پارٹی ریاستی جنرل سکریٹری اشفاق حسین، ریاستی سکریٹری ڈاکٹر شہاب الدین، ویمن انڈیا موؤمنٹ (WIM) کی قومی صدر محترمہ مہرالنساء خان، ریاستی صدر محترمہ فریدہ سید، پارٹی ریاستی ورکنگ کمیٹی رکن زاہد مرزا، جئے پور ضلعی صدر خالد منظور، ضلعی جنرل سکریٹری سکندر علی سمیت پارٹی کے سینکڑوں کارکنان شریک رہے۔ اس موقع پر پارٹی کی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ متوفی پہلو خان کے معاملہ کی دوبارہ ایمانداری کے ساتھ جانچ کرائی جائے اور ماب لنچنگ کے شکار خاندانوں کو انصاف دیا جائے۔ اسی طرح کوٹہ ضلع میں چھاؤنی واقع چوپاٹی پر احتجاجی مظاہرہ کرکے وزیر اعلی اشوک گہلوت کا پتلا نذر آتش کرکے پہلو خان اور ان کے بیٹے پر دائر چارج شیٹ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ پہلو خان اور تبریز انصاری کو انصاف دینے کے مطالبے کو لیکر ایس ڈی پی آئی بھلواڑہ اور باراں ضلع کی جانب سے منگرول میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔